جرمن اور ایرانی قونصل جنرلز کی بلوچ ثقافتی یوم پر بلوچ قوم کو مبارکباد

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جرمن قونصل جنرل بھی بلوچ ثقافت کے مداح نکلے۔بلوچ ثقافتی یوم کے موقع پر جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر لوٹز نے بلوچی کپڑے زیب تن کیے اور جرمن پرچم کے رنگوں سے مزین روایتی پگڑی بھی پہنی، روایتی چھڑی تھامے بلوچی زبان میں مبارک باد پیش کی۔ کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچرل اتاشے اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ سید ابوالحسن میری نے اپنے جاری کردہ پیغام میں بلوچ کلچر ڈے پربلوچستان اور دنیا میں آباد تمام بلوچ قوم کو اس دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ قوم کا شمار ایران کی قدیم ترین اقوام میں ہوتا ہے جو نہ صرف محب وطن ہے بلکہ اپنے ملک و قوم سے وفادار ہے اور تاریخ کے ہر نہج پر اپنی وفاداری کے ثبوت پیش کئے ہیں۔ ڈائریکٹر خانہ فرہنگ نے ایران نے کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی بلوچوں کی بہادری اور حب الوطنی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں وفادارترین قوم کا خطاب دیا ہے۔ ایران کی ترقی اور خوشحالی میں بلوچ قوم کا یکساں کردار رہا ہے جو نہ صرف اپنے روایتی اور تہذیبی اقدار کو زندہ رکھے ہوئے ہیں بلکہ جدید ایران کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں