وزیراعلیٰ بلوچستان کا دورہ گوادر، سیلاب سے نقصان کے تعین کے لیے کمیٹی تشکیل
گوادر/کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں خود کو تنہا محسوس نہیں کریں گے حکومت بلوچستان اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے آج گوادر شہرسے پانی کے نکاس کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو گوادر دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہی۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں پی ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں نے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے تمام وسائل بھروکار لاتے ہوئے اقدامات کئے ہیں اہلیان گوادر نے اس مشکل وقت میں امدادی اداروں سے کس طرح تعاون کیا وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں اور سیلابی پانی سے سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے نقصان کے تعین کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو20 روز کے اندر مکمل رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے کہاکہ بلو چستان کے لوگ پہلے ہی دل برداشتہ ہیں عوام کے لئے حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیگی۔


