وزیراعظم سے ملاقات مثبت رہی، انہوں نے تعاون کا یقین دلایا ہے، علی امین گنڈا پور

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات مثبت رہی، انہوں نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان ملاقات میں خیبرپختونخوا کو فنڈز فراہمی اور چیف سیکرٹری کے تقرر پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم سے تمام امور پر مثبت انداز میں بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مالی مشکلات سے آگاہ کیا، ایسا کوئی مطالبہ نہیں کریں گے جو وفاقی حکومت کے لیے نا ممکن ہو، وزیراعظم نے یقین دلایا کہ صوبے کے واجبات ادا کریں گے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ بھی اٹھایا، میں نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے، وزیراعظم نے یقین دلایا کہ میری جلد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے سیاسی انگیجمنٹ ضروری ہے، سیاسی انگیجمنٹ ہوگی تو سیاسی مسائل حل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ صوبے نے آپ کو مینڈیٹ دیا ہے، شہاب خان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا جو ٹیم لانا چاہیں لائیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے خط کا مطلب یہ نہیں تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو رقم ادا نہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں