ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات، مریم نواز سے باہمی برآمدات بڑھانے پر تبادلہ خیال
لاہور( این این آئی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال۔ملاقات کے دوران باہمی ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت پر بھی زوردیا گیا ۔ وزیر اعلی مریم نواز اور ایرانی قونصل جنرل نے ثقافتی وفود کے تبادلے پر اتفاق کرتے ہوئے فوری اقدامات کا اصولی فیصلہ کیا ۔خیر سگالی کے طور پر 20مارچ کو نوروز کی مناسبت سے بادشاہی مسجد میں چراغاں کیا جائے گا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان یوتھ کلچر ایکسچینج پروگرام کے فروغ کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایران کے ساتھ باہمی زرعی تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ ثقافتی اور مذہبی طور پر جڑے ہیں،پاکستان اورایران کے عوام کا تاریخی رشتہ صدیوں پر محیط ہے،پاکستان اور ایران کے تعلقات کو بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔ ایرانی کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کا پاک ایران تعلقات بڑھانے کا ویژن قابل تعریف ہے،پاکستان کے ساتھ تعلقات کا مستقبل درخشاں ہے۔ ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فرکا حکومت پنجاب اور عوام کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہارکیا ۔


