ملک کو درپیش مسائل حل ہونگے، یوم پاکستان پر صدر اور وزیر اعظم کا پیغام
اسلام آباد(انتخاب نیوز)یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنا خصوصی پیغام جاری کیا، صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کر لیں، صدر مملکت نے کہا کہ آئیے آج ہم اپنے گزشتہ سفر پر غور کریں، اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں، ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں، 1940 کی قرارداد پاکستان ہماری تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، اس قرارداد سے 14 اگست 1947 کوپاکستان کے قیام کا راستہ ہموار ہوا، قائداعظم اور ساتھیوں نے علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کیلئے انتھک محنت کی، آج کے دن ہم ان کے عزم اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔صدر پاکستان نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری کی یاد منا رہے ہیں، 23 مارچ 1940 کو ہماری عزیر قوم اور ایک آزاد وطن کی تعمیرکی بنیاد رکھی گئی، پیغام میں مزید کہا کہ پوری قوم جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے، مجھے یقین ہے ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے، پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے۔علاوہ ازیں یوم پاکستان پر وزیر اعظم پاکستان نے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، 1940 میں اسی دن قرار داد لاہور کے ذریعے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا گیا، لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنےکا فیصلہ کیا اور ہمارے آباﺅ اجداد نے پاکستان کیلئے بےمثال قربانیاں دیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بنا تو نئی ریاست کو بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، سماجی، اقتصادی ڈھانچے، ریاستی اداروں کی تشکیل اور مہاجرین کی آبادکاری بڑے چیلنج تھے، نئی ریاست کو انتہائی کم وسائل کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کرنا پڑا، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی گئی، پاکستانی عوام نے 8 فروری 2024 کے انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا، الیکشن کے نتیجے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتیں وجود میں آ چکی ہیں، ہم پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، مہنگائی، بےروزگاری، گردشی قرضہ، مالیاتی اور تجارتی خسارہ، دہشت گردی چیلنج ہیں، بحیثیت قوم ہم نے غیرمعمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے، امید ہے اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا اور ہم مہنگائی پر قابو پالیں گے۔


