ٹی بی کی روک تھام کیلئے باہمی تعاون سے کام کرنا چاہیے، وزیر اعظم کا عالمی دن پر خصوصی پیغام
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے تب دق( ٹی بی ) کے عالمی دن 2024کے موقع پر پیغام میں تپ دق (ٹی بی) کے خلاف جنگ کے لیے ہر فرد کی خدمات کو سراہا ، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صحت عامہ کی ترجیح کے طور پر ٹی بی سے نمٹنے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور اس بیماری سے نمٹنے کے لیے مختلف پروگراموں اور پالیسیوں کو نافذ کر چکی ہے، شہباز شریف نے مزید کہا کہ ٹی بی صحت کا ایک عالمی چیلنج بنی ہوئی ہے، جو تکلیف دہ ہے اور ہر سال تپ دق سے بہت زیادہ جانیں ضائع ہوتی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ امر انتہائی اہم ہے کہ ہم سب عالمی صحت کے ایجنڈے میں ٹی بی کے خاتمے کو ترجیح دیں اور اس کے وسائل مختص کریں، ٹی بی سے پاک دنیا کی طرف پیش رفت کو تیز کرنے کے لیے جدت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ صحت کی ضروری، معیاری خدمات تک رسائی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، ہم اپنے شہریوں کو صحت کی مساوی خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ہم نجی شعبے اور عالمی شراکت داروں کے کردار کی دل کی گہرائیوں سے تعریف بھی کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص اور علاج تک رسائی بڑھانے، ٹی بی کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنا چاہیے۔


