ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی، 59افراد کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(انتخاب نیوز)ملک میں ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کیلئے انوکھا فیصلہ کیا گیا، فیصلے کے مطابق سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد، کمپنیوں اور برآمدکندگان کی پذیرائی کی جائیگی جبکہ سب سے زیادہ مجموعی ٹیکس دینے والوں کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق تقریبا 59افراد کو ٹیکس ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا جائے گا، اس حوالے سے فہرست بھی جاری کی گئی ہے جس میں انفرادی،اے اوپیز اورکمپنیز میں سب سے زیادہ انکم ٹیکس دینے والے 11 افراد شامل ہیں جب کہ فہرست میں تمام ٹیکسوں میں سب سے زیادہ ادائیگی کرنے والے 11 ٹیکس دہندگان بھی شامل ہیں۔ایوارڈ لینے والوں میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے 2 نئے ٹیکس دہندگان بھی شامل ہیں، چھوٹی اور درمیانی نوعیت کی صنعتوں کے 3 ٹیکس دہندگان بھی ایوارڈ کی فہرست میں شامل ہیں۔علاوہ ازیں برآمد کنندگان میں 6 آئی ٹی، 3 ٹیکسٹائل اور دیگر اہم شعبوں میں 14 افراد کو ایوارڈ دیے جائیں گے، ایک کروڑ ڈالر یا زائد برآمد کنندگان میں 3 افراد کو ایوارڈ دیا جائے گا جبکہ غیر روایتی اورجدید مصنوعات کے 3 اور 3 خواتین ایکسپورٹرزبھی ایوارڈ لینے والوں میں شامل ہیں۔


