پنجاب پولیس کے اہلکار کی پتنگ اڑانے کی وڈیو وائرل، وزیراعلیٰ کے حکم پر معطل کردیا گیا
لاہور (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پتنگ اڑانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کے احکامات پولیس اہلکاروں نے ہوا میں اڑادیے۔ شہریوں کو پتنگ بازی سے روکنے کے بجائے پنجاب پولیس اہلکار خود ہی پتنگ اڑانے لگے جس کی وڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں پنجاب پولیس کی وردی پہنے اہلکاروں کو پتنگ اڑاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب سی پی او فیصل آباد کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی پتنگ اڑانے کی ویڈیوکچھ روز پہلے کی ہے تاہم پتنگ اڑانے والے اہلکارکومعطل کردیا اور دیگر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست پولیس ہیڈکوارٹربھیج دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پتنگ بازی روکنے کیلئے سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کیے ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے پولیس حکام کا مو¿قف ہے کہ وڈیو میں موجود اہلکاروں کی شناخت کی کوششیں جاری ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل فیصل آباد کے ڈجکوٹ روڈ پر موٹرسائیکل سوار آصف گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔


