خلفائے راشدینؓ کے یوم وفات پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے، سنی علما کونسل

کوئٹہ (آن لائن) سنی علما کونسل کوئٹہ کے زیر اہتمام مولانا عبدالرحیم ساجد، مفتی کلیم اللہ حیدری کی قیادت میں خلیفہ چہارم سیدنا حضرت علی ؓ کے یوم شہادت 21 رمضان المبارک کو مدح صحابہؓ مطالبات ریلی نکالی گئی۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر مظاہرہ کی شکل اختیار کرگئی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر خلفائے راشدینؓ کے ایام کو سرکاری سطح پر منانے اور عام تعطیل کا اعلان درج تھا۔ اس موقع پر مولانا عبدالرحیم ساجد، مفتی کلیم اللہ حیدری، مولانا عبیداللہ قاسمی، مولانا سعداللہ قاسمی، مولانا مقبول الرحمن، حافظ قاسم فاروقی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 رمضان خلفیہ چہارم حیدر کرار شیر خدا امیر المومنین حضرت علی ؓ کا یوم شہادت ہے، اہلسنت و الجماعت کا مطالبہ ہے کہ تمام خلفائے راشدینؓ کے یوم وفات اور شہادت پر عام تعطیل اور سرکاری سطح پر منایا جائے، صحابہ کرامؓ، اہلییتؓ اور ملک کے دفاع کو لازمی سمجھتے ہیں جو زبان صحابہؓ کے خلاف بولے گی اس کیخلاف سنی قوم کھڑی ہوگی۔ خلفائے راشدین اور صحابہ کرامؓ پر مرمٹنے کو تیار ہیں۔ صحابہ کرامؓ، اہلبیتؓ نے اسلام کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اسلام کے علم کو بلند رکھا ہے، بطور مسلمان ہمیں حضورﷺ اور خلفائے راشدینؓ، صحابہ کرامؓ کے نقش قدم پر چل کر دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خلفائے راشدینؓ کے یوم وفات اور شہادت پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ صبح کی نماز کیلئے گھر سے نکلے تو ایک بدبخت شخص نے ان پر وار کیا، آپؓ 21 رمضان المبارک کو شہادت کا جام نوش کر گئے۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں