حکومت کی عدم سنجیدگی سے ٹڈی دل کی آفت پورے صوبے میں پھیل گئی،ملک نصیر شاہوانی

بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ٹڈی دل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل سے صوبے کی زراعت بہت بری طرح متاثر ہوئی ہے نومبر میں جب اپوزیشن کی جانب سے ٹڈی دل کے تدارک کے لئے قرار داد ایوان میں پیش کی گئی تو اس وقت صوبے کے صرف دس اضلاع اس سے متاثر تھے تاہم حکومت کی عدم سنجیدگی سے یہ آفت پورے صوبے میں پھیل گئی انہوں نے کہا کہ صوبے کے اکثر اضلاع میں فصلات تیار ہیں اگر ایسی صورتحال میں دوبارہ ٹڈی دل کی یلغار ہوتی ہے تو صوبے کو نہ صرف ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا بلکہ فوڈ سیکورٹی کا بھی مسئلہ پیدا ہوگا انہوں نے ہمسایہ ممالک سے زرعی اجناس کی غیر قانونی ترسیل کی جانب ایوان کی توجہ مبذول کرتے ہوئے کہا اس سے صوبے کے زمینداروں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی بیشی سے زراعت متاثر ہوئی ہے حکومت مسئلے کے فوری حل کو یقینی بناتے ہوئے زمینداروں کو بجلی کی مد میں خصوصی سبسڈی دے انہوں نے کہا کہ زمیندار زرعی ٹیوب ویلوں پر بجلی میٹرز نصب کرنے کو تیار ہیں کیسکو اس ضمن میں اقدامات اٹھائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ زرعی اجناس کی غیر قانونی ترسیل پر کلکٹر کسٹم کوطلب کرکے ان سے بات کی جائے۔ جس پر ڈپٹی سپیکر نے 17جولائی دوپہر دو بجے کلکٹر کسٹم کو اسمبلی سیکرٹریٹ میں طلب کرنے کی رولنگ دی۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ملک سکندرخان ایڈووکیٹ سمیت دیگر اپوزیشن اراکین کے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت ٹڈی دل سمیت دیگر تمام مسائل سے نمٹنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے اپوزیشن لیڈر نے جمہوریت کی بات کی اس وقت ملک میں جمہوریت زبردست طریقے سے چل رہی ہے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر ٹڈی دل کے تدارک کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں