پاکستان اپریل تک کورونا وائرس کی تشخیصی کٹس خود تیار کرلے گا،حکومت

اسلام آباد:قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ پاکستان اپریل تک کورونا وائرس کی تشخیصی کٹس خود تیار کرلے گا،معاون خصوصی کی زیر صدارت روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہورہے ہیں اورروزانہ ہی کی بنیاد پر ایکشن پلان تشکیل دیا جاتا ہے،ملک بھر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کر دئیے گئے ہیں،ملک بھر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 8 لیبس موجود ہیں،کورونا وائرس کی تشخیصی کٹس تمام صوبوں کو فراہم کر دی گئی ہیں، اب تک 4808فلائٹس کی سکریننگ کر چکے جبکہ آئرپورٹس اور سرحدوں پر 12 لاکھ سے زائد لوگوں کی سکریننگ کر چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار جمعہ کو پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد نے اپوزیشن رہنماؤں کے سوالوں پرجواب دیتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں،معاون خصوصی کی زیر صدارت روزانہ کی بنیاد پر صبح کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہورہے ہیں، جس میں آرمی سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شریک ہوتے ہیں، اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر فلائیٹس کی آمد اور وائرس سے نمٹنے کیلئے معاملات زیر بحث آتے ہیں اورروزانہ ہی کی بنیاد پر ایکشن پلان تشکیل دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں