چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا منتخب ہونا صحت مند جمہوری روایت نہیں، نیشنل پارٹی

اسلام آباد (یو این اے) بلامقابلہ سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا منتخب ہونا صحت مند جمہوری روایت نہیں ہے، تاہم چیئرمین سینیٹ چونکہ ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں ان سے اس ادارے اور ملک کے حوالے سے بہت زیادہ توقعات موجود ہیں۔ تاہم بلامقابلہ سینیٹ الیکشن پاکستان کی قومی لیڈر شپ کی کامیابی ہے، ان خیالات کا اظہار نومنتخب سینیٹر مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے سینیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلامقابلہ سینیٹروں کا منتخب ہونا ایک نئی روایت ہے، اس سے پہلے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے روایات کچھ زیادہ قابل تعریف نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سینیٹ ہاﺅس آف نیشن اور ہاﺅس آف فیڈریشن کہلاتا ہے جہاں تمام قومی وحدتوں کی برابر نمائندگی ہوتی ہے۔ سینیٹ کے وقار و تقدس کو برقرار رکھنا اب چیئرمین سینیٹ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت شدید معاشی و سیاسی مسائل کا شکار ہے، ملک میں پارلیمنٹ کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے، جس کے سیاسی حل کی ضرورت ہے، مفاہمتی پالیسی اپنا کر اس سیاسی مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سینیٹ اور نیشنل اسمبلی میں بلوچستان اور ملک کی قدآور شخصات موجود ہیں ان کی موجودگی سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے سیاسی مسئلے کا روڈ میپ نیشنل پارٹی کے پاس موجود ہے۔ معیشت کو بہتر کرنے کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔ بجلی و گیس کی قیمتوں اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عام عوام بری طرح متاثر ہوتے ہیں، ریاستی اداروں کو معیشت کو بہتر کرنے کے حوالے سے جامعے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں