ضمنی انتخابات، بلوچستان سمیت دیگر اسمبلیوں کے 21حلقوں پر پولنگ جاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان سمیت دیگر اسمبلیوں کے 21حلقوں پر پولنگ کا سلسلہ جاری ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، دوسری جانب صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔اس کے علاوہ پی بی 50 (قلعہ عبداللہ) کے تمام حلقوں میں بھی اسی روز دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے، این اے 8 باجوڑ اور پی کے 22 باجوڑ کے عام انتخابات کیلئے امیدوار ریحان زیب خان کے قتل کے باعث ملتوی کر دیئے گئے۔انٹرنیٹ سروس کے معطل ہونے کی بات کی جائے تو لاہور سمیت ضمنی الیکشن والے حلقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہے، یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اور پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔ علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پور چٹھہ ، کوٹ چھٹہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں 21 اور 22 اپریل کو موبائل فون سروس معطل کی جائیگی، موبائل فون سروس کی بندش انتخابی عمل کو بلاتعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کی گئی ہے۔


