دشت میں ہماری اراضیات پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے، نوٹس لیا جائے، معتبرین بنگلزئی، مینگل و زہری قبائل

کوئٹہ: تحصیل دشت ضلع مستونگ سے تعلق رکھنے والے بنگلزئی، مینگل اور زہری قبائل کے عمائدین نے صوبائی حکومت او رانتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کی اراضی سے متعلق کیس عدالت میں ہونے کے باوجود لینڈمافیا کی جانب سے مبینہ طورپر قبضے کی کوششوں کا نوٹس لے کر علاقے کی پرامن فضاء کو خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قبائلی عمائدین حاجی چاکر بنگلزئی، حاجی صوبیدار بدوزئی، محبوب خان زہری، حاجی عبدالعزیز مینگل و دیگر نے کہا کہ ضلع مستونگ تحصیل دشت (موضوع متورا) میں مین شاہراہ کی دونوں جانب ان کی ہزاروں ایکڑ زمین ہے جو ان کے ابا واجداد کے نام پر ہے پر 1992سے عدالت میں کیس چل رہا ہے مگر گزشتہ کئی عرصے سے زمین پر لینڈ مافیا کی جانب سے قبضے کی مبینہ کوششیں کی جارہی ہیں جو کہ تحصیل دشت کے زہری، مینگل اور بنگلزئی قبائل کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اراضی پر قبضے کی کوششوں سے پرامن علاقے میں انتشار، جنگ و فساد ہونے کا خدشہ ہے اراضی سے متعلق کیس عدالت میں ہونے کے باوجود اراضی پر قبضے کی کوششیں جاری ہیں جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، آئے روز ایسے لوگ بھی علاقے میں آتے ہیں جنہیں ہم پہچانتے تک نہیں وہ آکر کہتے ہیں کہ یہ زمین ہم نے خرید لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کسی کو بھی اپنی زمینوں پر قبضہ کرنے نہیں دیں گے لہذا حکومت اور انتظامیہ فوری طور پر ان کی زمینوں پر قبضے کی کوششوں کا نوٹس لے کر علاقے کی پرامن ماحول کو خراب ہونے سے بچائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں