جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ’ڈیجیٹل ٹیریزم‘ کی جارہی ہے، جنرل عاصم منیر

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ڈیل، خود کو معصوم ظاہر کرنے والے اصل رہنماﺅں کو حساب دینا پڑے گا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ ترجمان فوج کے مطابق سپہ سالار نے وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی قوم کے لیے خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ ترجمان فوج کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب میں آرمی چیف نے واضح کیا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔ بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کیا کہ ’اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ڈیل، ورغلائے ہوئے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر پہلے ہی شک کا فائدہ دیا چکا ہے، خود کو معصوم ظاہر کرنے والے اصل رہنماﺅں کو حساب دینا پڑے گا۔ ترجمان فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینا کمزوری نہ سمجھاجائے، صبر کو لامحدود نہ سمجھا جائے۔ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ’ڈیجیٹل ٹیریزم‘ کررہے ہیں، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ فوج کا ہر سپاہی اور افسر کسی بھی دوسری وابستگی یا ترجیحات سے قطع نظر اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اولیت دیتاہے اور روزانہ کی بنیاد پر قربانیاں دے رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں