کوئٹہ میں ایس بی کے پاس امیدواروں کا احتجاجی مظاہرہ، شدید نعرے بازی
کوئٹہ (آن لائن) ایس بی کے پاس امیدواروں نے عمر خان ، داد محمد کاکڑ، اکرم کاکڑ، نور بلوچ کی قیادت میں اپنے مطالبات کے حق میں منگل کو ریلی نکالی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایس بی کے کے پاس امیدواروں کے نتائج کے اعلان کرنے کا عدالت عظمیٰ نے محکمہ تعلیم اور متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے لیکن وہ عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے بلوچستان کے ہزاروں بیروزگار ٹیسٹ دینے والے کامیاب امیدواروں کے نتائج کا اعلان نہ کرکے ان کے لئے ذہنی کوفت اور تشویش کا باعث بن رہے ہیں ایس بی کے امیدوار گزشتہ کئی عرصے سے اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہے اور کیس عدالت میں زیر سماعت رہنے کی وجہ سے نوجوانوں کا وقت ضائع ہوا ہے پہلے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی اور سپریم کورٹ کی جانب سے پاس ہونے والے امیدواروں کے نتائج کا اعلان کرنے کے احکامات دیئے گئے لیکن متعلقہ نتائج کا اعلان نہیں کررہے جس کی وجہ سے امیدواروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اگر نتائج کا اعلان نہ کیا گیا تو ہم اپنے احتجاج کو وسعت دیتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


