بلوچستان سنگین حالات سے گزر رہا ہے، ویٹرنری ڈاکٹرز
کوئٹہ(پ ر)بلوچستان ویٹرنری ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بلوچستان اس وقت سنگین حالات سے گزر رہا ہے ہر طرف گہما گہمی کا عالم ہے ۔ اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریا ہاتھ میں لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ ترجمان نے گزشتہ روز ویٹرنری ڈاکٹرز کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے سامنے ڈگریا ں نذر آتش کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں ویٹرنری ڈاکٹرز کی تعداد 1600 سے تجاوز کر گئی اور انہیں پچھلے 5 سال سے ایک بھی آسامی نہ دینا حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ہمارے غریب والدین نے ہمیں یہ ڈگری دلاتے اپنی جوانی تک قربان کی لیکن آج حکومت ہم سے روزگار چھین رہی ہے جو کہ ان والدین کیساتھ سخت ظلم و جبر کے مترادف ہے ۔ ترجمان نے منسٹر لائیوسٹاک بخت کاکڑ ، منسٹر فائنانس شعیب نوشیروانی اور وزیراعلی بلوچستان جناب سرفراز بگٹی سے درخواست کی ہے کہ آنے والے بجٹ میں ڈاکٹرز کیلئے اسامیاں پیدا کیجائے تاکہ بیروزگاری کا خاتمہ ہو سکے۔


