ماشکیل کے لانگ مارچ شرکاء کا نوشکی پہنچنے پر پرتپاک استقبال

ماشکیل (نمائندہ انتخاب )ماشکیل مزہ سر کراسنگ پوائنٹ راہداری کے بحالی کے لئے لانگ مارچ کرنے والے مظاہرین کا نوشکی پہنچنے پر تیل کمیٹی نوشکی، جمعیت علماء اسلام اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں نے اسٹیشن کے مقام پر پرتپاک استقبال کیا اور لانگ مارچ کرنے والوں کو ہار پہنائے اور ان پر گل پاشی کی اور انہیں تیل کمیٹی کے صدر حاجی جہانزیب بادینی کی قیادت میں جلوس کی شکل میں استقبالیہ کیمپ پہنچایا ۔استقبالیہ کیمپ میں سرحدی تجارت کرنے والوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔استقبالیہ کیمپ میں لانگ مارچ کرنے والے میر جیہند ریکی،تیل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری حضرت ثناء اللہ محمد حسنی، جمعیت علماء اسلام کے رہنماء میر ظہور بادینی،حافظ عبداللہ گورگیج،مولانا زکریا عادل ،میر کبیر ریکی ،جمعیت نظریاتی کے مفتی فدا الرحمان ریکی،لانگ مارچ کرنے والے مصطفی معراج و دیگر نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہاکہ حکومت پاک ایران اور پاک افغان سرحدوں پر بسنے والوں پر تجارت و روزگار کے دروازے بند کرکے بلوچستان کی صورتحال کو مزید خراب کرنے کے درپے ہیں، سرحدی تجارت اور سرحدوں پر آمد و رفت ہمیشہ سے ہمارا بنیادی حق رہا ہے سرحدوں کے دونوں جانب ہمارے رشتہ دار رہتے ہیں اور ہمارا قیام پاکستان سے قبل بھی آمد و رفت رہی ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمران اب ہم پر دو وقت کی روزی روٹی بھی بند کرنا چاہتے ہیں سرحدی تجارت کی بندش سے ہمارے لاکھوں افراد بے روزگار ہوجائیں گے اور بلوچستان میں مزید غربت میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزہ سر کراسنگ پوائنٹ راہداری کو فوری طور پر آمد و رفت اور تجارت کے لئے کھولا جائے تاکہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کو روزگار میسر ہو اور وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں