آئندہ بجٹ میں 1500 ارب کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز
اسلام آباد (انتخاب نیوز) ایف بی آر نے آئندہ مالی سال 2024-25 کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 12 ہزار 9 سو ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز دے دی ہے، جسے حاصل کرنے کیلئے اگلے بجٹ میں 1500 ارب روپے کے نئے ٹیکس تجویز کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ میں ایف بی آر نے آئندہ مالی سال 15 سو ارب روپے سے زائد کے نئے ٹیکسز لگانے کی تجویز دی ہے، وزیراعظم نے تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق درآمدی سامان پر ٹیکس ڈیوٹیز بڑھانے، فوڈ آئٹم پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم، وِدہولڈنگ ٹیکس، سیلز ٹیکس چھوٹ ختم، کسٹم ڈیوٹیز کی شرح بڑھانے کی تجاویز بھی بریفنگ میں شامل تھیں۔ درآمدی فوڈ آئٹم کی سپلائی پر سیلز ٹیکس شرح بڑھانے اور سولر پینل پر سیلز ٹیکس کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اِس کے علاوہ آئی ایم ایف نے بھی بجٹ میں تمام ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی شرط عائد کی ہے۔


