تمام متعلقہ افراد بولان میڈیکل یونیورسٹی کی مزید کامیابی اور سرخروئی کیلئے مخلصانہ کاوشیں کریں،گورنر

کوئٹہ21 جولائی: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ دنیا بڑی تیزی سے اپنی کروٹیں بدل رہی ہے جسکے نتیجے میں صحت کے شعبے میں بھی وسعت اور جدت پیدا ہورہی ہے. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ صوبے میں پہلی میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کے بعد اب ہم صوبہ بھر کے میڈیکل شعبہ سے وابستہ افراد کو جدید طب کی تعلیم سے آراستہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ تمام متعلقہ افراد بولان میڈیکل یونیورسٹی کی مزید کامیابی اور سرخروئی کیلئے مخلصانہ کاوشیں کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے یونیورسٹی ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ پروگرام (UEDP) کے سیلف فنانس اسکیم کے تحت داخلہ لینے والے طلباء و طالبات اور والدین پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. گورنر بلوچستان نے ملاقات کے دوران بولان میڈیکل یونیورسٹی کے کوٹہ سسٹم، مختص کی گئیں سیلف فنانس کی نشستوں اور زیرتعلیم میڈیکل اسٹوڈنٹس کے اذہان کو جدید تعلیم وتحقیق کی روشنی سے منور کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے تفصیلاً جوابات دیئے. وفد نے گورنر بلوچستان کو بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں سیلف فنانس کی نشستوں پر منتخب ہونے والے اسٹوڈنٹس کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا. گورنر یاسین زئی نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے پائدار حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی.

اپنا تبصرہ بھیجیں