مزید ٹیکس نہ دیں گے، آﺅ گے پیروں پر، جاﺅ گے کندھوں پر، گنڈا پور کی دھمکی

سوات (آئی این پی )وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں کے پی میں ضم قبائلی اضلاع پر کسی کا باپ بھی ٹیکس نہیں لگا سکتا، ظلم کرنے والے اسلام آباد تو کیا پاکستان میں بھی نہیں رہیں گے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اپنے نظریئے پر قائم ہیں، انکا کہناہے خود سے ہونے والی زیادتی پر معاف کرتا ہوں ، ملک کےساتھ زیادتی برداشت نہیں کریں گے ، ملک میں آئین وقانون کی بحالی ہونی چاہئیے،محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے ہم پاکستان توڑنا نہیں چاہتے، پختون سرزمین کے وسائل پر ان کے رہائشیوں کا حق ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم فوجیوں کو سلام پیش کرتے ہیں لیکن ان کو سیاست سے باہر نکلنا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیر اعلی علی امین گنڈا پور خوب گرجے، وفاقی بجٹ میں کے پی میں ضم اضلاع میں ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہم پر زبردستی فیصلے مسلط نہیں کیے جاسکتے، فاٹا، پاٹا پر کسی کا باپ بھی ٹیکس نہیں لگا سکتا۔انھوں نے کہا کہ ہم اپنے صوبے کا حق لے کر رہیں گے، چند شخصیات نےملک کونقصان پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ ظلم کرنے والے اسلام آباد تو کیا پاکستان میں بھی نہیں رہیں گے، ہمارے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے آپ کہیں اور پہنچ جا ﺅگے۔ ہم بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے خاموش ہیں، خدا کی قسم اگر ہم نکلے تو تمہاری داستان بھی نہیں رہے گی داستانوں میں۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ان کے پاس عوامی مینڈیٹ اور اخلاقی جرات نہیں، کہتے ہیں ہم پر ٹیکس لگائیں گے، ہم پر فیصلے مسلط نہ کرو، پہلے وہ حساب کرو جو ٹیکس لے رہے ہو، ملک شخصیات سے نہیں آئین کے تحت چلتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حق کے لئے ہم لڑیں گے اورمریں گے، حق کے لئے لڑنے کا حکم قرآن میں ہے، صوبے کا حق لیکر اپنی عوام پر لگائیں گے، رشوت لینے والے کو نہیں چھوڑیں گے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے، آئین توڑنے والوں کو پھانسی پر لٹکائیں گے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم کسی سے خیرات یا زکوة ا نہیں مانگتے، ہم اپنے وسائل پر اختیار چاہتے ہیں، ہم پاکستان توڑنا نہیں چاہتے، پختون سرزمین کے وسائل پر ان کے رہائشیوں کا حق ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم فوجیوں کو سلام پیش کرتے ہیں لیکن ان کو سیاست سے باہر نکلنا ہوگا۔ پاکستان پنجاب کا نام نہیں ، تمام صوبوں کو برابری کی بنیاد پر دیکھنا ہوگا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جلسے میں آمد پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اس ملک کے لیے لڑ رہا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ لوگوں کی حمایت سے بانی پی ٹی آئی جلد جیل سے باہرآئیں گے، بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئیں معاف کرتا ہوں لیکن ملک سے زیادتی کرنے والوں کو معاف نہیں کروں گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا کہ ملک سے زیادتی کرنے والوں سے صلح نہیں ہوسکتی، ملک بغیر قانون کے نہیں چل سکتا، تحریک انصاف پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کو بند کیا جائے۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ جلسے میں مراد سعید کی کمی محسوس کی جا رہی ہے، ہمارا لیڈر بانی پی ٹی آئی جیل میں موجود ہے، جب حق کے فیصلے ہونگے تو بانی پی ٹی آئی رہا ہونگے۔انھوں نے کہا کہ 8 فروری کو آپ لوگوں نے عمران خان کے خلاف پروپیگنڈا مسترد کیا، اب ہم عوامی طاقت ، قانون کی بالادستی اور جمہوریت کی بالادستی کیلیے مہم شروع کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جعلی لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں جو عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔ چمن میں لوگوں پر گولیاں برسانے کے بجائے انکے ساتھ مذاکرات کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں