پی ٹی آئی بجٹ کو عوام کے لئے زہر قاتل سمجھتی ہے،شبلی فراز
اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اس بجٹ میں کوئی اکنامک وژن نظر نہیں آیا، موجودہ حکومت کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف اس بجٹ کو عوام کے لئے زہر قاتل سمجھتی ہے۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا کہ ایوان میں نہ کوئی وفاقی وزیر ہے نہ حکومتی نمائندہ تقریر کرنا مناسب نہیں ہے ، پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت غیر قانونی ہے، یہ حکومت جیسے آئی ہے، سب کو معلوم ہے، جو حکومت عوام کے ووٹ سے منتخب نہ ہوئی ہو، اس میں غیر قانونیت ہوتی ہے۔قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اس بجٹ میں کوئی اکنامک وژن نظر نہیں آیا، موجودہ حکومت کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف اس بجٹ کو عوام کے لیے زہر قاتل سمجھتی ہے، پاکستان کی عوام ایک طرف اور اشرافیہ دوسری طرف کھڑی ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کی سیلری کلاس پر ٹیکس کا بوجھ بڑھا دیا ہے، مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی اشرافیہ کے نمائندے ہیں، آئی ٹی کی ایکسپورٹ پر بھی ٹیکس کا وار کیا گیا، بھارت نے ہمیں طعنہ دیا کہ پہلے ہاتھ میں بم لے کر پھرتے تھے ،اب کشکول لے کر مارے پھر رہے ہیں، اس بیان سے پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی ہے، بجٹ کی آمدن کا ہدف خوش خیالی پر مبنی ہے، ایکسپورٹ پر ہم نے ٹیکس کا وار کیا ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں نے عوام کو مزید غربت کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ ہماری اشرافیہ کے پیسے بیرون ممالک میں پڑے ہیں، 11 ارب ڈالر کی پاکستانی سرمایہ کاری تو صرف دبئی میں پڑی ہوئی ہے، جب قربانی کی بات آئے تو عوام آگے ہوتی ہے، حکومت صرف مفاد اٹھاتی ہے۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں لوگ جیل گئے مانتا ہوں، لیکن وہ کون سے کیسز تھے؟ یہ وہ کیسز تھے جو پاکستان پیپلز پارٹی نے (ن)لیگ پر اور (ن)لیگ نے پیپلز پارٹی پر بنائے تھے۔شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے جا رہے، کیا وہ اتنے خطرناک ہیں کہ ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے جاسکتے، سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے انتخابات کروائے، اگر سپریم کورٹ انتخابات کا حکم نہ دیتا تو آج تک الیکشن نہ ہوتے، ایوان میں کوئی وزیر نہیں نظر آرہا ہے، تحریک انصاف کو انتخابی نشان نہیں دیا جارہا۔شبلی فراز نے کہا کہ انہیں ڈر ہے کہ کل لوکل باڈیز پر تحریک انصاف کلین سویپ نہ کردے، نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، بجٹ میں ان کے لیے کچھ نہیں رکھا گیا۔انہوںنے کہا کہ آپ کی ترجیح یہ ہے کہ سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے فائر وال کی تنصیب پر 30 ارب سے زائد رقم مختص کردی، نوجوان ملک چھوڑ پر مجبور ہو رہے ہیں، ملک میں کوئی قانون نہیں ۔


