ہمارے ایم پی اے باہر بیٹھے ہیں، تم کیسے اندر آ گئے؟ عمران خان لیگی رہنما کی کمرۂ عدالت میں موجودگی پر برہم

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران عمران خان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چودھری کی کمرۂ عدالت میں موجودگی پر برہم ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی، سماعت کے دوران عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا، نیاز اللہ نیازی، علی ظفر، شعیب شاہین بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی دانیال چودھری کی موجودگی پر برہم ہو گئے، انہوں نے سوال کیا کہ ہمارے رکن قومی اسمبلی باہر بیٹھے ہیں، تم کیسے اندر آ گئے؟ عمران خان کی جانب سے غصہ کرنے پر بیرسٹر دانیال کمرۂ عدالت سے واپس چلے گئے۔بعد ازاں وکلاء صفائی نے ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 21 جون تک ملتوی کردی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 4 گواہان جرح کے لیے طلب کرلیے۔بعد ازاں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چودھری نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ میں آج بطور وکیل جیل میں ٹرائل کی سماعت دیکھنے آیا تھا، یہاں دیکھا ان کو ہر قسم کی سہولیات دی جارہی ہیں، پاکستان میں غریب عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کیے جارہے ہیں، شفاف ٹرائل کے ذریعے ان کے سارے کرتوت سامنے لائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جیل ٹرائل کو کا مشاہدہ کرنے کے لئے ہماری کسی نے ڈیوٹی نہیں لگائی، ہم نے میاں نواز شریف کا ٹرائل بھی یہاں دیکھا ۔واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں مجموعی طور پر 30 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں جبکہ 22 پر جرح مکمل کرلی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلا ءنے نئے جج کی تعیناتی پر اعتراض واپس لے لیے تھے۔واضح رہے کہ 6 جون کو سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کرنے والے احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے عہدے کا چارج چھوڑ دیا تھا، بعد ازاں مقدمہ نئے جج محمد علی وڑائچ کے پاس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں