غیر قانونی عمارت کی منظوری،میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے چیف آرکیٹیکٹ گرفتار

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے چیف آرکیٹیکٹ آفیسر عزیز کاکڑ کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کوئٹہ غیر قانونی عمارت کی منظوری دینے کی الزام میں گرفتار کیا ۔اینٹی کرپشن بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق درج ایف آئی آر نمبر 06/Q/2024 میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے چیف آرکیٹیکٹ آفیسر عزیز کاکڑ کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے گرفتار کیا جس نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے دیگر عہدیداروں کی ملی بھگت سے قاضی پلازہ آرچر روڈ کوئٹہ کی غیر قانونی عمارت کے نقشے کی خلاف قانون منظوری دی تھی اعلامیہ کے مطابق یہ انکوائری لیاقت بازار، عبدالستار روڈ اور آرچر روڈ کوئٹہ کے رہائشیوں کی شکایت پر قاضی پلازہ، آرچر روڈ کوئٹہ کے نام سے غیر قانونی/غیر مجاز عمارت کے حوالے سے شروع کی گئی۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے تعاون سے ستمبر 2023 کے مہینے میں 60 فٹ سے زائد اونچائی والی غیر قانونی عمارت کی تعمیر کے سلسلے میں جس کی ابتدائی طور پر 30 فٹ اونچائی کی منظوری دی گئی تھی۔ اس کیس کے سلسلے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں تفتیش میں مبینہ طور پر مزید نقشے کی منظوری کو بھی دیکھا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں