عمران خان نے 2 مرتبہ نکاح کیا کسی نے نہیں پوچھا، خاور مانیکا
اسلام آباد(آن لائن)بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے کہا ہے کہ عمران خان نے بطور وزیر اعظم قوم سے جھوٹ بولا ہے ،ان کو بتانا چاہیے کہ 39 دن میں نکاح کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی ،بشری بی بی کے ساتھ 2 مرتبہ نکاح کیا لیکن کسی نے آج تک ان سے سوال نہیں کیا ،مغربی ممالک کی مثالیں دینے والے اگر وہاںایسی حرکت کرتے تو انہیں نہ صرف وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹا دیا جاتا بلکہ قیدکی سزا بھی سنادی جاتی ،خاور مانیکا نے عدت نکاح کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان سے شریعت اور میڈیکل بورڈ بنانے کا بھی مطالبہ کر دیا ۔منگل کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خاور مانیکا نے کہا کہ آج قوم کے سامنے پیش ہونے کا موقع ملا ہے، میں آج مظلوم بن کر نہیں آیا ہوں، جو مسائل ہیں اور جو باتیں ہیں اس حوالے سے قوم کو آگاہ کروں گا۔خاور مانیکا نے کہا کہ کچھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے کافی حد تک مجھے اور میری فیملی کو نشانہ بنایا، مجھے، میرے بچوں اور فیملی کو سوشل میڈیا پر بہت اچھالا گیا۔انہوں نے کہا کہ جو عدت اور بشریٰ بی بی کیس ہے اس حوالے سے ایک ویڈیو ہے وہ سنانا چاہتا ہوں، اس کے بعد خاور مانیکا نے دوران پریس کانفرنس عدت کے حوالے سے ایک اسلامک ویڈیو چلا دی۔خاور مانیکا نے کہا کہ اس ویڈیو میں عدت کے بارے میں وہ باتیں ہیں جو ہمارے ملک کے رہنے والوں کو فالو کرنا ہے، جو بھی مسلمان ہیں وہ ان باتوں پر عمل بھی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان کو کیا ضرورت پڑی تھی کہ اتنی جلدی وہ نکاح کر لیتے وہ بھی صرف 39 دن میں، اگر وہ ر±ک جاتے تو آج ان کے وکلا کو ایسی صفائیاں دینے کی نوبت نہیں آتی۔خاور مانیکا نے کہا کہ ان کے وکیل سلمان صفدر کہتے ہیں کہ 39 دن میں عدت ختم ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمر چیمہ نے اس نکاح کی خبر کو بریک کیا ، عمر چیمہ کی جانب سے درخواست دی گئی ہے کہ نکاح ہی نہیں کیا، ایک وزیر اعظم قوم سے جھوٹ بول رہا تھا اور کسی نے نہیں پوچھا، 18 فروری کو انہوں نے ایک اور نکاح کیا، اس پر بھی کسی نے نہیں پوچھا۔خاور مانیکا نے کہا کہ اس مسئلے کو ایک سیاسی مسئلہ بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔


