مولانا ہدایت الرحمن اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ
گوادر (نامہ نگار) ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی سے ملاقات، ماہیگیر کالونی، فش ہاربر مول اور ملابند وارڈ کا بھی دورہ۔ آج ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے گوادر پورٹ کا دورہ کیا جہاں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی نے مولانا بلوچ کو پورٹ سے متعلق مختلف ایشوز پر بریفنگ دی۔ اس کے بعد مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے چیئرمین پورٹ کے ہمراہ گوادر فش ہاربر کالونی کا دورہ کیا، وہاں موجود نو تعمیر لائبریری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرمین نے مولانا کو کالونی اور لائبریری سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ بعد ازاں مولانا نے چیئرمین پورٹ کے ہمراہ گوادر فش ہاربر مول کا دورہ کیا اور مول ہولڈرز کے لئے گوادر پورٹ کی جانب سے فراہم کردہ ٹرالی تقسیم کئے وہاں موجود مول ہولڈرز سمیت عام عوام کے مسائل اور شکایات بالخصوص پانی، صفائی، لیٹرین سے متعلق سنے ان کو ہنگامی بنیاد پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد پورٹ سے منسلک ملا بند وارڈ کا دورہ کیا گیا جہاں داخل ہونے والے بارانی پانی کے راستوں کا معائنہ کیا اور چیئرمین نے یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے پر پچھلے دنوں مولانا نے ہمیں توجہ دلائی ہے جس پر گوادر پورٹ کی جانب سے کام شروع ہوچکا ہے اور عنقریب مکمل ہوگا آئندہ یہ شکایت ختم ہوگی۔ پھر بعد میں مولانا کی سربراہی میں فش ہاربر کے آفس میں چیئرمین پورٹ، فش ہاربر اور مول ہولڈرز کے درمیان میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مول ہولڈرز کے ایشوز کو سنا گیا اور چیئرمین نے تمام ایشوز کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور مول ہولڈرز کو ہدایت کی کہ کسی بھی مشکل کی صورت میں کسی بھی وقت آپ مجھ سے اور مولانا سے رابطہ کریں، ہم آپ کے مسائل کو فوری حل کرنے کی اپنی تمام صلاحیت بروئے کار لائیں گے۔


