تحریک انصاف کا ایڈہاک ججز کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ساتھ تعطیلات کے دوران 4 ایڈہاک ججز کو 3 سال کے لئے سپریم کورٹ لانا بدنیتی پر مبنی ہے۔پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ہمارے اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ایڈہاک ججز آزاد عدلیہ کے لئے مضر ہے، ہم معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج رہے ہیں، ججز اس معاملے کو متنازع نہ بنائیں، فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ میں لگانے والے ایڈہاک ججز کو لگایا گیا وہ بدنیتی پر مبنی ہے، 4 ججز کو ایک ساتھ دوران تعطیلات لایا جا رہا ہے، 3 سال کے لئے ان چار کو لانا بدنیتی پر مبنی ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا، مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل کرانا سپریم کورٹ کا کام ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرانا چیف جسٹس کی ذمہ داری ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہر صورت اس فیصلے پر عمل درآمد ہو۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کے 70 فیصد عوام کی ترجمان جماعت ہے، اس پر کوئی بھی پابندی حکومت کے خاتمے کی طرف کائونٹ ڈائون ہوگا، پی ٹی آئی محب وطن پارٹی تھی، ہے اور رہے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مضامین لکھتی رہی ہیں، انہوں نے اپنا مائنڈ دیا، چیف جسٹس کو بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی کیس نہیں سننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہوں کہ چیف الیکشن کمشنر اور اس کے دیگر ممبران فوری مستعفی ہوں ورنہ ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروئی ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں