سپریم کورٹ کے ججز ملک چلنے دیں، رخنہ ڈالا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، مریم نواز
لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک مخصوص جماعت کے لئے سپریم کورٹ نے آئین اور قانون کا حلیہ بگاڑ دیا‘ قانون کی تشریح کرنے کی بجائے قانون کو دوبارہ تحریر کیا ہے‘ یہ سلسلہ برداشت نہیں کیا جائے گا‘ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا‘ 9مئی کی ملزمہ کو یہ کہہ کر باعزت بری کیا گیا کہ وہ دو سال تک بے گناہ جیل میں سزا کاٹتی رہی‘ ساری دنیا نے دیکھا کہ وہ قومی اداروں پر حملہ آور ہوئی‘ توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ میں ملوث تھی‘ موجودہ مہنگائی سابقہ دور حکومت کی نشانی ہے عوام پر جلد مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت کی کامیاب حکمت عملی کے نتیجے میں محرم الحرام پرامن طور پر گزرا ہے ہم نے عوام کو تکلیف سے بچانے کیلئے ٹیلی فون اور انٹرنیٹ بند نہیں کئے ماسوائے وہاں پر جہاں ہائی الرٹ تھا۔ پنجاب حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر شربت کی سبیلیں اور کھانا فراہم کیا ہم نے یہ نہیں دیکھا کہ کون کس فرقے سے تعلق رکھتا ہے بلکہ ہم نے عوام کی خدمت کو مقدس جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت نے چند مشکل اور کڑے فیصلے کئے ہیں جس پر ہمارا دل کڑھتا ہے یہ ہماری وجہ سے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کی چار سالہ حکومت کے نتیجے میں ملک ٹوٹ پھوٹ اور بربادی کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں کڑے اور مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا کہ پچیس روپے کی روٹی بارہ تیرہ روپے کی ملتی ہو مجھے روزانہ میاں نواز شریف کہتے ہیں کہ روٹی مہنگی نہیں ہونی چاہئے عوام کو سستی روٹی فراہم کی جائے کیونکہ روٹی بنیادی چیز ہے وہ کسی چیز سے بھی روٹی کھالیں گے مقصد تو پیٹ بھرنا ہے اسی لئے میں نے خود جا کر تندوروں پر چھاپے مارے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ روٹی بارہ روپے میں دستیاب ہو۔ نواز شریف کا دور حکومت سنہری دور تھا ملک ترقی کی راہ پر دوڑ رہا تھا لیکن اسے ٹریک سے اتار دیا گیا ۔


