کراچی: DSP گلبہار کے دفتر پر کریکر حملہ ناکام

کراچی کے ضلع وسطی میں واقع ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کریکر سے حملہ کیا تاہم خوش قسمتی سے دھماکا خیز مواد پھٹ نہ سکا۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد اور ناظم آباد کے درمیان گجر نالے پر قائم سابقہ سپر مارکیٹ تھانے کی عمارت میں ڈی ایس پی گلبہار کا دفتر قائم ہے۔پولیس کے مطابق آج دوپہر موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے دفتر کے باہر کریکر سے حملہ کیا اور فرار ہو گئے۔جہاں کریکر پھینکا گیا وہاں دفتر کا سنتری اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے، خوش قسمتی سے دھماکا خیز مواد پھٹ نہ سکا۔ایس ایس پی عارف اسلم راؤنے بتایا کہ فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا جنہوں نے کریکر کو ناکارہ بنایا۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔کراچی میں سندھ رینجرز پر کریکر حملے کے بعد اب ایک پولیس دفتر کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔راچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع غیر ملکی دفاتر پر دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیشِ نظر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی۔آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر کریکر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے تمام تر ضروری پولیس اقدامات اور ملوث ملزمان کے خلاف پولیس کی کارروائی سے متعلق فی الفور تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں