عمران خان اور بشری بی بی کا مزید 10روز جسمانی ریمانڈ منظور
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اوربشری بی بی کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی ہے۔پیر کو راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں تحقیقات کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے دلائل سننے کے بعد عمران خان اور بشری بی بی کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی۔عدالت سے توشہ خانہ ریفرنس میں تحقیقات کے لیے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی تھی تاہم عدالت نے درخواست پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکر لیا۔راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی منظوری دیتے ہوئے سماعت 8 اگست تک ملتوی کر دی۔


