پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دینے کیلئے الیکشن ترمیمی ایکٹ قومی اسمبلی میں پیش

اسلام آباد(آن لائن) الیکشن ایکٹ ترمیمی بل2024 قومی اسمبلی میں پیش ہوگیا ہے اور اسے قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کو بھجوا دیا گیا ہے۔بل کے تحت کامیاب آزاد اُمیدواروں کو تین دن کے اندر ہی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا ہوگی اورایک دفعہ کی رضامندی ناقابل تنسیخ ہوگی۔بل کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس کے تحت الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 66, 104 میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ایکٹ میں دفعہ 104 الف شامل کی گئی ہے۔اس شق کے مطابق کامیاب آزاد امیدوار کی جانب سے سیاسی جماعت میں شمولیت کی رضامندی ناقابل تنسیخ ہوگی۔کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے لئے ایک ہی دفعہ رضامندی دی جاسکے گی۔بل کے مطابق عدالت عظمی اور عدالت عالیہ کے کسی فیصلے اور فرمان کے باوجود کامیاب آزاد امیدوار کی کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے لئے ایک دفعہ دی گئی رضامندی ناقابل تنسیخ ہوگی۔کوئی سیاسی جماعت مجوزہ مدت کے اندر مخصوص نشستوں کے لئے اپنی فہرست جمع کروانے میں ناکام رہے تو اس مرحلہ کے بعد مخصوص نشستوں کے لئے اہل نہیں ہوگی۔بل کے متن کے مطابق کامیاب آزاد اُمیدواروں کو تین دن کے اندر ہی کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں