پشاور میں بھتہ گیروں نے ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالک کو تابوت بھجوا دیے

پشاور (انتخاب نیوز) پشاور میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کو ڈرانے کے لیے نیا حربہ اپنا لیا، بھتا گیر دھمکی آمیز خطوط اور کالز کے بعد اب تابوت بھی بھجوانے لگے ہیں۔ پشاور کے علاقہ فقیر آباد میں بھتاخوروں نے ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالک کو دھمکی آمیز خطوط اور فون کالز کے بعد گھر پر 2 تابوت بھجوا دیے۔ پولیس نے تابوت لےکر آنے والے رکشوں کو تحویل میں لےکر تھانا فقیر آباد میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ کچھ روز قبل بھی کاروباری شخصیت کے دفتر پر فائرنگ کی گئی تھی جس کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق بھتے کی کال کرنے والا شخص خود کو سرکاری ادارے کا افسر ظاہر کرکے ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالک غلام قادر سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ پولیس کے مطابق بھتا خوروں کی جانب سے ایک ماہ سے مسلسل دھمکی آمیزکالیں موصول ہونے کے بعد کاروباری شخصیت نے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے تابوت قبضے میں لےکر تفتیش شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں