ساری انسانیت کو اسرائیل کیخلاف کھڑا ہونا ہوگا،راجہ پرویزاشرف
اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ساری انسانیت کو اسرائیل کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا، یہ اسماعیل ھنیہ کا قتل نہیں بلکہ عالمی اخلاقیات کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ انسانیت پر یقین رکھنے والا ہر شخص دکھی ہے، اسرائیلی مظالم جیسی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، اسرائیل اور اس کے حواری بہت طاقت ور ہیں، اسرائیل کے حواری انسانی حقوق کی باتیں کرتے نہیں تھکتے ، آج ساری انسانیت کو اسرائیل کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔راجہ پرویز اشریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنے معاملات کو بہت الجھادیا ہے، ہم نے مل کر جس طرح مسائل کا سامنا کرنا تھا ہم ویسا نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسماعیل ھنیہ کا قتل نہیں بلکہ عالمی اخلاقیات کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، کہاں گئی اقوام متحدہ؟ کہاں ہے عالمی عدالت؟ کہاں گئے انسانی حقوق؟ کوئی ہم سے ڈرتا کیوں نہیں ہے؟ تو ہم خود چھوٹی چھوٹی باتوں پر تقسیم ہیں، ہماری بات کون سنے گا ؟ ہم نے خود کو وہاں پھنسادیا کہ ہمیں خود نہیں پتہ کہ ہم کہاں ہیں؟۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئیں ہم اپنے گھر کو ٹھیک کریں، میں وزیراعظم کو کہتا ہوں آئیں کوئی ڈائیلاگ شروع کریں۔


