خضدار، جعلی ڈومیسائل اور ملازمتوں کے مبینہ بندر بانٹ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی

خضدار؛پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے بلوچستان میں جعلی ڈومیسائل اور ملازمتوں کے مبینہ بندر بانٹ کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرہ کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے پاک سرزمین پارٹی ضلع خضدار کے صدر میر عمران خان ساسولی، اور جنرل سیکریٹری میر ریاض احمد باجوئی کی قیادت میں بازار سے خضدار پریس کلب تک مارچ کیا ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جعلی ڈومیسائل کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء خود بھی نعرہ بازی کررہے تھے۔خضدار پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے پاک سرزمین پارٹی ضلع خضدار کے صدر میر عمران خان ساسولی، اور جنرل سیکریٹری میر ریاض احمد باجوئی،سیاسی رہنماء شیر احمد بنگلزئی، چنگیز بلوچ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان اس وقت سب سے زیادہ پسماندہ اور غربت زدہ صوبہ ہے جہاں نوجوان طبقہ بے روزگاری کی زندگی گزار رہے ہیں، ایک تویہاں تعلیمی انحطاط ہے تاہم بڑی مشکل سے یہاں کے نوجوان نئی نسل تعلیم حاصل کرکے اپنے ہاتھوں میں ڈگریاں حاصل کرتے ہیں لیکن جب ملازمت کی بات آتی ہے تو انہیں ملازمت نہیں ملتی ہے۔بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کے ساتھ ہمیشہ استحصال اور ناانصافی کا مظاہرہ کیا جارہاہے۔ اس وقت پورے صوبے میں جعلی ڈومیسائل دھندے کی بات عروج پر ہے اور یہی مطالبہ کیا جارہاہے کہ صوبے سے جعلی ڈومیسائل حاصل کرنے والوں کی ملازمتیں ختم اور ان کو جعلی ڈومیسائل فراہم کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ بعض اضلا ع میں جعلی ڈومیسائل والوں کی تعداد اور ان کے نام سامنے لائے جاچکے ہیں تاہم ان کے خلاف عملی کاروائی نہیں کی جارہی ہے۔ اسی طرح ضلع خضدار میں یہ عمل سست روی کا شکار ہے آج کے مطاہرین اس بات کا مطالبہ کررہے ہیں کہ خضدار انتظامیہ جعلی ڈومیسائل کی فہرست سامنے لائے اور جنہوں نے جعلی ڈومیسائل حاصل کرکے صوبے کے نوجوانوں کا حق مارا ہے اور ملازمتیں حاصل کی ہیں ان کی جعلی ڈومیسائل کو فوری طور پر منسوخ کرکے یہاں کے بے روزگار حقدار نوجوانوں کو ان خالی آسامیوں پر بھرتی کیا جائے۔ پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے آج کی ریلی اور مظاہرے کا مقصد بھی یہی ہے کہ یہاں ے بے روزگار نواجوں کے حق کے لئے آواز بلند کرنا اور ان کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے جدوجہد کرنا ہے۔ اس طرح کی جدوجہد آئندہ بھی جاری رہے گی۔ اورہم اپنے مطالبات انصاف اور حق کے لئے پیش کرتے رہیں گے۔مظاہرین بعد ازاں پرامن انداز میں منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں