ہمیں اعلانات اور کمیٹیاں نہیں اقدامات چاہئیں،8مارچ کو دھرنے کے شرکا آگے بڑھیں گے،حافظ نعیم الرحمان

راولپنڈی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں اعلانات اور کمیٹیاں نہیں اقدامات چاہئیں،8مارچ کو دھرنا شرکا آگے بڑھیں گے، آئی پی پیز کے کچھ معاہدہ ختم اور کچھ پر نظرثانی کی جائے جبکہ سب معاہدوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے ۔حا فظ نعیم الرحمان نے مہنگی بجلی کیخلاف راولپنڈی دھرنے کے بارہویں روز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 اگست کو دھرنے کے شرکا آگے بڑھیں گے اور مری روڈ پر بڑا مارچ ہوگا، 11 اگست کو لاہور میں وزیر اعلی ہائوس کے باہر بڑا دھرنا اور جلسہ ہوگا، پشاور میں 12 اگست کو دھرنا اور جلسہ ہوگا، ملک بھر میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی کال بھی دینے جارہے ہیں، 14 اگست کے بعد ملک گیر مکمل ہڑتال کی کال دی جائے گی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت سامنے نہیں آرہی لیکن پریشان ضرور ہوگئی ہے، آئی پی پیز کے کچھ معاہدہ ختم اور کچھ پر نظرثانی کی جائے جبکہ سب معاہدوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، بجلی بلوں سے گھروں کے بجٹ تباہ ہوگئے، بجلی کے بل بجلی کی لاگت کے مطابق بھیجے جائیں، آئی پی پیز کو جو کیپسٹی پیمنٹ دی جارہی ہے وہ قوم کو منظور نہیں ہے، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔ا نہوںنے کہا کہ ہمیں اعلانات اور کمیٹیاں نہیں اقدامات چاہئیں، مذاکراتی کمیٹی میں آڈیٹر جنرل پاکستان، چیئرمین واپڈا، فیڈرل چیمبر آف کامرس اور صارفین کے نمائندوں کو شامل کیا جائے،ہماری کمیٹی 25 کروڑ عوام کا مقدمہ پوری دنیا کے سامنے لڑ سکتی ہے، ہمارا ایجنڈا واضح ہے اور یہ دھرنا ختم نہیں ہوگا، ہم ملک کے حالات خراب نہیں کرنا چاہتے۔ملک کے حالات خراب کرنے میں بہت سے لوگ ملوث ہیں، مری روڈ پر امن مارچ ہوگا، مری روڈ پر مارچ ہمارا حق ہے، مارچ کے حوالے سے تفصیلات آگے بتائوں گا، دھرنا اور مذاکرات جاری رہیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فی الحال حکومت گرانا ہمارا ایجنڈہ نہیں تاہم یہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ اس طرف ہمیں لاتی ہے یا نہیں ۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا لیاقت باغ چوک پر جاری دھرنا بارہویں روز میں داخل ہوگیا ہے، اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے مزید قافلے بھی احتجاج کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔بجلی کے بھاری بلوں، ٹیکسوں کی بھرمار، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں، پٹرول اور گیس کی قیمتوں، مہنگائی سمیت دیگر مطالبات کے لیے جماعت اسلامی کے راولپنڈی دھرنے کا مسلسل بارہواں دن ہے اور شرکا کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں