ہنہ جھیل کو کوئی خطرہ نہیں، پانی کا بہاﺅ قدرتی طریقہ سے کام کر رہا ہے، صوبائی محکمہ آبپاشی

کوئٹہ (آن لائن) صوبائی محکمہ آبپاشی کوئٹہ سرکل کی جانب سے ہنہ جھیل میں پانی رسنے کے حوالے سے جو خبر شائع ہوئی ہے عوام الناس کو اس سے خوف زدہ ہونے کی ہر گز ضرورت نہیں، کوئٹہ سرکل کے ایک بیاں میں کہا گیا ہے کہ ہنہ جھیل میں پانی کا بہا اور جھیل میں پانی رسنے کا نظام بلکل صحیح اور نیچرل طریقہ سے کام کر رہا ہے، حالیہ مون سون کے بارشوں کی وجہ سے جھیل میں وافر مقدار میں پانی ذخیرہ ہو چکا ہے ، جھیل بالکل محفوظ اور مضبوط ہے جھیل کو پانی فراہم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ جاری تھا جو اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ ڈیم کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچانے کے لیے اس میں مزید کام عنقریب شروع کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومت بلوچستان نے امسال کے ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2024-25 میں ایک منصوبہ رکھا ہے جس میں ڈرلنگ اور پانی کے رسا کو سائنسی بنیادوں پر دیرپا طریقہ سے روکنے کے لیے متعدد منصوبے شامل ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنہ جھیل قوم کا قیمتی اثاثہ ہے اور اس میں بحالی کی جب بھی ضرورت پڑی ہے محکمہ آبپاشی اور اسکی ٹیم نے متحرک انداز میں پیشگی اقدامات اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی عوام الناس کو یقین دلاتے ہیں کہ محکمہ ایریگیشن صوبہ بھر میں پانی ذخیرہ کرنے اور آبی گزرگاہوں کی حفاظت میں ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ بیان میں میڈیا کو محکمہ ہذا کی جانب سے کسی بھی خبر کو چلانے سے پہلے مکمل معلومات تک رسائی کے بعد خبر جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں