لگتا ہے پاکستان میں ظلم و جبر کا کوئی نیا دور شروع ہونیوالا ہے، تحریک انصاف
اسلام آباد (آئی این پی ) پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اس وقت 73 قومی اسمبلی کے حلقوں کی پٹیشن دائر کی گئی ہیں جس میں سے 40 پنجاب سے ہیں، پنجاب سے اگر انصاف ملتا ہے تو بڑے بڑے برج گریں گے، آج جو ملک میں ہو رہا ہے وہ بہت شرمناک ہے نظر آرہا ہے کہ شاید ، ملک میں ظلم و جبر کا کوئی نیا دور شروع ہونے والا ہے ۔ان خیالات کااظہارا نہوں نے اتوار کو اسلام آباد میں دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہے کہ اس وقت ملک کس طرف جا رہا ہے، 8 فروری کا الیکشن کبھی بھی بھولا نہیں جا سکتا، لوگ سمجھتے تھے کہ تحریک انصاف کو سیٹیں نہیں ملیں گی، جب ملیں تو فارم 45 کو بدلا گیا، نواز شریف کے حلقے میں یاسمین راشد جیت چکی تھیں، میرے حلقے میں مجھے اٹھا کر گریباں سے پکڑ کر آر او کے دفتر سے باہر پھینکا گیا، میری بیوی میری ایجنٹ تھی اس کے ساتھ بھی یہ ہی سلوک کیا گیا، میرے ساتھ جو سلوک کیا گیا میں ساری زندگی اس پر ان کا پیچھا کروں گا۔بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پنجاب میں ابھی الیکشن ٹریبونل نے سماعت شروع ہی نہیں کی، اب کہا جا رہا ہے ریٹائرڈ جج الیکشن کمیشن لگائے گا، ہمارا تو مقدمہ ہی الیکشن کمیشن کے خلاف ہے، عوام کے ووٹ کا ضیاع نہیں ہونے دیں گے، وقت بدلتے دیر نہیں لگتی ہے، میں تمام لوگوں کا پیچھا کروں گا جنہوں نے زیادتی کی ہے، ہم پاکستان کے وفادار ہیں، عوام اور اداروں کے درمیان نفرت پیدا کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے ہمیں متحد ہونا ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب آپ 16 سیٹوں والی جماعت کو اقتدار نہیں دیں گے۔


