جو پاکستان کے ڈیفالٹ کا بیانیہ بنارہے تھے وہ آج کہاں ہیں، آرمی چیف
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور جو پاکستان کے ڈیفالٹ کا بیانیہ بنارہے تھے وہ آج کہاں ہیں جب کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا قیمتی سرمایہ ہیں، کسی صورت پاکستان کا قیمتی سرمایہ ضائع نہیں ہونے دیں گے، جب کہآزاد ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا، شام، کشمیر، اور غزہ کے عوام سے پوچھیں۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قران کی آیت پڑھ کر سنائی، انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن میں مسلمانوں کو مایوس ہونے سے منع فرمایا ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، زندگی امتحان کا نام ہے، کیا لوگ یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ صرف یہ کہنے پر چھوڑدیے جائیں گے ہم ایمان لائے اور آزمائش نہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام، حکومت فوج کے درمیان مضبوط رشتہ ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اللہ ہمیں تخریب کاری کے خلاف جنگ میں فتح مبین عطا کرے گا، خیبرپختونخوا کے عوام 22 سال سے تخریب کاری کے خلاف فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔


