کوئٹہ، طلبہ تنظیموں کے زیر اہتمام سائنس کالج میں آگ لگنے کے واقعے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ،بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام سائنس کالج میں آگ لگنے کے واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد ہوا۔ جس کی صدارت پی ایس ایف کے صوبائی صدر طاہر شاہ نے کی۔ احتجاجی مظاہرہ سائنس کالج سے نکلا اور جناح روڈ سے ہوتے ہوئے منان چوک سے گزر کر پریس کلب پر جلسے کی شکل اختیار کر گیا۔ مظاہرہ سے پی ایس ایف کے صوبائی صدر طاہر شاہ کاکڑ، پی ایس او جنوبی پشتونخوا کے زونل آرگنائزر لطیف کاکڑ، آئی ایس ایف کے سینئر نائب صدر بلال خان کاکڑ، این ایس ایم کے صوبائی پلاننگ کمیٹی ممبر وکیل عادل، بی ایس او کوئٹہ زون کے جنرل سیکرٹری امجد بلوچ، ایم ایس ایف کے ضلعی صدر ہمایون خان کاکڑ نے خطاب کیا۔ مقررین نے سائنس کالج میں لگنے والے آگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہنگامی بنیادوں پر فنڈز کا اجرائ کرکے کالج کی عمارت کی مرمت کی جائے اورکئی عرصے سے خستہ حالی کا شکار عمارت حکومت کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائے اور رپورٹ منظر عام پر لایاجائیں۔مقررین نے مزید کہا کہ سائنس کالج کا ہاسٹل گزشتہ کئی عرصے سے بند پڑا ہے جو طلبہ کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے صوبے کے سینکڑوں غریب طلبائ رہائش سے محروم ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ ہاسٹل کو فوری طور طلبائ کیلئے کھول دیا جائے اور سائنس کالج میں ڈیجٹل لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے۔اگر ہمارے مطالبات فوری طور پر تسلیم نہیں کیئے گئے تو احتجاج کو مزید وسیع کیا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں