سپریم کورٹ نے نیب ترامیم بحال کر دیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ نے حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے نیب ترامیم بحال کر دیں۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کیس کا فیصلہ 5 صفر سے سناتے ہوئے نیب ترامیم بحال کر دیں۔سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے نیب ترامیم کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ثابت نہیں کرسکے کہ نیب ترامیم غیر آئینی ہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو قانون سازی کو ہر ممکن صورت میں برقرار رکھنا چاہیے، نیب ترامیم کو خلاف آئین ثابت نہیں کیا جا سکا۔سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت اور ججز پارلیمان کیلئے گیٹ کیپر کا کردار ادا نہیں کر سکتے، پارلیمان اور عدلیہ کا آئین میں اپنا اپنا کردار واضح ہے، تفصیلی فیصلہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔جسٹس اطہر من اللہ نے حکومت کی اپیل خارج کر دی اور اضافی نوٹ میں لکھا کہ حکومت کی اپیل ناقابل سماعت ہے۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے بھی اضافی نوٹ لکھا جس میں انہوں نے فیصلے سے اتفاق لیکن وجوہات سے اختلاف کیا۔یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا تھا اور یہ قانون لاگو بھی ہو گیا تھا۔بعد ازاں نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی گئیں، جس پر چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ نے 5 سماعتوں کے بعد نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں