اوستہ محمد،پولیس کے ناروا سلوک کے خلاف پیٹرول پمپ مالکان کا احتجاج

اوستہ محمد ( آئی این پی )پولیس انتظامیہ کی جانب سے پیٹرول پمپ مالکان سے ناروا سلوک ، پیٹرول پمپ مالکان نے احتجاجا اپنے پمپ بند کر دیئے ،پیٹرول کی بندش سے شہری پریشان ،آج ڈپٹی کمشنر اور سردار ہارون خان جمالی کی یقین دہانی پر پیٹرول پمپ مالکان نے احتجاج موخر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس کے آفیسر کی جانب سے پیٹرول پمپ مالکان کے ساتھ ناروا سلوک اور اپنے من پسند افراد کی گاڑیوں کو اجازت دینے کے خلاف پیٹرول پمپ مالکان نے شہر کے تمام پیٹرول پمپ بند کر دیئے اس موقع پر پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے رہنماوں غلام علی جمالی عدنان بلوچ محمد مشتاق ہجوانی نے نیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے آفیسر بلاجواز ہمیں تنگ کررہا ہے ہماری گاڑیوں کو نہیں چھوڑ رہا اور وہ اپنے من پسند لوگوں کی گاڑیوں کو اجازت دے رہا ہے اس حوالے سے آج ہم ایس ایس پی سے ملاقات کے لیے گئے تو ایس ایس پی بھی ہمارے ساتھ نہیں ملا جس کی وجہ سے ہم نے پیٹرول پمپ بند کر دیئے ہیں جب تک ہمارے ساتھ انتظامیہ بیٹھ کر معاملہ حل نہیں کرے گی تب ہمارا احتجاج جاری رہے گا پیٹرول پمپ بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا دریں اثنا آج ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈپٹی کمشنر جلیل احمد سردار محمد ہارون خان جمالی سے پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے رہنماوں کی ملاقات کی ہوئی ڈپٹی کمشنر اور سردار ہارون خان کی یقین دہانی پر پمپ مالکان نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں