بیوٹمز کے175 پروفیسرز نے وائس چانسلر کو ادارے کی بہتری کیلئے خط لکھ دیا
کوئٹہ (پ ر) بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کی حمایت میں یونیورسٹی کے 175 سینئر پروفیسرز اور اساتذہ نے وائس چانسلر اور گورنر بلوچستان کو خط لکھ دیا۔ سینئر ترین اساتذہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں اساتذہ نے ایسوسی ایشن کو نمائندہ تنظیم قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر صاحب سے گزارش کی ہے کہ ایسوسی ایشن نمائندگان کے خلاف تادیبی کاروائی روک دی جائے اور ادارے کے وسیع تر مفاد میں نمائندوں کے ساتھ بامقصد مذاکرات کئے جائیں، اور ملازمین کے دیرینہ مسائل کو جلد ازجلد حل کیا جائے۔ اسکے علاوہ خط میں ڈائریکٹر ایچ آر کی کرپشن اور غیر قانونی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر صاحب سے یہ مطالبہ کیاگیا کہ ایسوسی ایشن کی بجائے ادارے میں موجود کرپٹ افسران کو فوری عہدے سے ہٹاکر انکے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، اور ادارے کو کرپشن سے پاک کرکے طلباء اور ملازمین کے مستقبل کو محفوظ کیا جائے۔ 175 سینیر اساتذہ کا اس طرح کھل کر سامنے آکر ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی حمایت درحقیقت ادارے میں سالوں سے جاری کرپٹ مافیا کے خلاف پرامن اور جدید طرز کا احتجاج ہے۔ جس میں وائس چانسلر سے معاملات کو تضاد کی بجائے گفت شنید سے حل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔