کوئٹہ میں ناکارہ اورخستہ حال بسوں کے پرمٹ منسوخ
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی ہدایت پر کوئٹہ شہر میں ناکارہ،پرانی بسوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس حوالے سے سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ منظور احمد کی سربراہی میں آر ٹی اے اورٹریفک پولیس کے عملے نے سرینا چوک اور دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 7ناکارہ اور کینسل شدہ بسیں بند کردیں جبکہ اس موقع پر متعدد بسوں کی کنڈیشن کا معائنہ کیا گیا ۔سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ منظور احمد کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ کے حکم اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی ہدایت پر شہر میں ناکارہ،خستہ حال، پرانی اور جن کے پرمٹ منسوخ کئے جاچکے ہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔اس کارروائی کا مقصد شہر میں پبلک نقل و حمل کو بہتر بنانا، مسافروں کے لیے موجود سہولت کو یقینی بنانا اور آلودگی و ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا ہے۔دوسری جانب خستہ حال ،ناکارہ اور خراب کنڈیشن پر متعدد بسوں کے روٹ پرمٹ کینسل کئے گئے ہیں اس کے باوجود بسیں روٹ پر چل رہی ہیں ان کے خلاف کارروائی ضروری تھی۔انہوں نے کہاکہ ناکارہ بسوں کو ضبط اور بس مالکان کو جرمانہ کیاجائے گا تاکہ وہ اپنی بسوں کی مرمت ،دیکھ بھال اور جدید بیس روٹ پر چلائیں۔پرانی اور خستہ حال بسوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ناکارہ ،خستہ حال اور پرانی بسوں کے خلاف کارروائی شہر کے ٹرانسپورٹیشن سسٹم کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے اس کے علاؤہ شہریوں کو جدید اور آرام دہ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے اور آلودگی کے خاتمے کے لیے پرانی اور ناکارہ بسوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جائے گا۔