سندھ ہائیکورٹ، لاپتہ شہریوں کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت

کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ۔عدالت میں سرکاری وکیل نے کہا کہ سکھر سے لاپتہ علی حسن کی گمشدگی کے کیس میں جے آئی ٹی کے اجلاس ہو چکے ہیں۔درخواست گزار نے کہا کہ کچھ معلومات عدالت سے شیئر کرنا چاہتے ہیں، وہ معلومات پبلک نہیں کرنا چاہتے۔عدالت نے کہاکہ جو بتانا چاہتے ہیں وہ تفتیشی افسر کو بتائیں، تفتیشی افسر سماعت کے بعد درخواست گزار سے ملیں اور ان کی بات سنیں۔ عدالت میں سرکاری وکیل نے کہا کہ سچل سے لاپتہ شہری ممتاز حسین کو سی ٹی ڈی سرگودھا نے گرفتار کیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ رانی پور سے لاپتہ الطاف حسین کو پولیس نے اہلخانہ کے حوالے کیا ہے، پولیس نے 2 ماہ تک شہری کو اپنے پاس رکھا ہوا تھا۔بعدازاں شہریوں کی بازیابی پر عدالت نے درخواستیں نمٹا دیں۔عدالت نے دیگر درخواستوں کی سماعت 3 ہفتوں تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں