شکارپور، پولیس مقابلوں میں 5 ڈاکو ہلاک، ایک شہری زخمی

شکارپور(صباح نیوز) شکارپور میں ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان 2 الگ الگ مقابلوں کے دوران 5 ڈاکو ہلاک اور ایک شہری زخمی ہو گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوں کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی بھی ہوا۔شکارپور شہر کے مصروف علاقے کنک شاہ میں پولیس اور ڈاکوں کے درمیان شدید مقابلہ ہوا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ڈاکوئوں کو ہلاک کر دیا جبکہ دو سرا مقابلہ سلطان کوٹ کے قریب ہوا جس میں 3 ڈاکو مارے گئے۔پولیس کے مطابق ملزمان ڈکیتی کے بعد فرار ہورہے تھے، فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے جبکہ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی بھی ہوا۔ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ نے کہا کہ سلطان کوٹ اور شکارپور شہر میں 2 الگ الگ پولیس مقابلے ہوئے ہیں، جس میں 5 ڈاکو مارے گئے، جن کی شناخت کی جا رہی ہے۔ایس ایس پی شکارپور نے بتایا کہ پولیس کی مزید نفری طلب کرلی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں