سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز) سپیکرقومی اسمبلی قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ممتاز سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ہے ۔ پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر قومی اسمبلی نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی آمد پر خیرمقدم کیا۔ملاقات میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجزز، بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی، اس موقع پرمعروف مذہبی سکالر نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنے اختلافات کو بھلا کر قرآن و سنت کی روشنی میں متحد ہونے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر ذا کر نائیک نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے۔ انہوںنے کہا کہ میرے تبلیغی کام کا مقصد دنیا میں اسلام کے امن اور محبت کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہے، ملاقات کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اتحاد بین المسلمین اور اور اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا میں پھیلانے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے،اسلامی تعلیمات امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیتی ہیں،انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہونے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذا کر نائیک کا دنیا میں اسلام کے امن اور محبت کے پیغام کو عام کرنے میں کاوشیں قابل ستائش ہیں، آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، یہاں اقلیتوں کو ان کے حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، بعد ازاں سردار ایاز صادق کے ہمراہ ڈاکٹر ذا کر نائیک نے ایوان کا دورہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں