ہمارا وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا مطالبہ کوئی نیا نہیں ،شیری رحمٰن
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ ہمارا وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا مطالبہ کوئی نیا نہیں۔ انہوں نے وفاقی آئینی عدالت سے متعلق بیان میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ترامیم تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے ہوں ، پیپلز پارٹی سیاسی جماعتوں، وکلا تنظیموں اور سول سوسائٹی سے مشاورت کر رہی ہے ، جب اکثریت کو منظور ہو گا تو بات آگے بڑھے گی۔انہوںنے کہا کہ قانون سازی کسی مخصوص فرد کے لئے نہیں ، اگر کسی جماعت کو خدشات ہیں تو ہمارے دروازے گفت و شنید کے لئے کھلے ہیں۔ شیری رحمن نے کہا کہ اس وقت 50 سے زائد ممالک میں آئینی عدالتیں کام کر رہی ہیں، آئینی اور سیاسی مقدمات آئینی عدالت میں جانے سے اعلی عدالت کا وقت بچے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عدالتوں میں التوا مقدمات کی تعداد بہت تشویش ناک ہے، سپریم کورٹ میں 60 ہزار، ملک میں 22 لاکھ سے زائد مقدمے التوا کا شکار ہیں۔