تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اساتذہ احتجاج کی کال واپس لیں تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں، وزیر تعلیم خیبرپختونخوا
پشاور(این این آئی)وزیر تعلیم خیبر پختونخوا فیصل ترکئی نے کہا ہے کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن سکول بند کرنا غیر قانونی ہے، سکول بند کرنے کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم کے پی فیصل ترکئی نے کہا کہ بعض اساتذہ نے طلبا کو سکول سے نکال کر ویڈیوز بنائیں، احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن سکول بند کرنا غیر قانونی ہے۔فیصل ترکئی نے کہا کہ طلبا کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، اساتذہ سے دوبارہ التجا ہے کہ احتجاج ختم کریں، تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ اساتذہ احتجاج کی کال واپس لیں تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اساتذہ جب چاہیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے سامنے اپنے مطالبات رکھ سکتے ہیں،اساتذہ کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا معاملہ معاشی مسائل کی وجہ سے التواء کا شکار ہے، وقت کیساتھ یہ تمام مسائل حل ہو جائیں گے، اساتذہ کے ایشوز پر کمیٹی بھی قائم کر رکھی ہے، احتجاج سے قبل بھی اساتذہ کو وزیراعلی کے ساتھ بیٹھ کو مسائل حل کرنے کا کہا تھا۔


