عمران خان ہر صورت آزاد ہوں گے، ان کی رہائی بہت قریب ہے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان (تحریک انصاف) پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جلسے کو 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ریفرینڈم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل اگلے ہفتے سپریم کورٹ میں قوانین کو چیلنج کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ سارے قوانین عدالت عظمیٰ ختم کرے گی، مزید کہا کہ پاکستان کی عدلیہ ہم آزاد کروائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد کچھ لوگ اپنی پرانی ٹوئٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں، لیکن میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق ہم امریکا سے مدد کے طلبگار نہیں، عمران خان کی رہائی پاکستان سے ہی ہوگی، ہم کسی بھی ملک سے مدد کے طلب گار نہیں ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کسی بھی صوبے پر چڑھائی نہیں کرے گی، پی ٹی آئی ہر صوبے سے محبت کرتی ہے، ہمیں تمام صوبوں کے لوگوں سے پیار ہے۔انہوں نے بلوچستان میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بہت سے لوگوں نے اپنے آپ کو این آر او دینے کے لیے قانون سازی کی ہے لیکن یہ ان کے کام نہیں آئے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کے خلاف 200 کیسز بنے، 5 دنوں میں تین سزائیں اور 30 سال کی سزا دی گئی، ان کا خیال تھا کہ عوام بھول جائے گی لیکن آج بھی لوگوں کے دلوں میں عمران خان اور ان کا نظریہ بستا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں سیاست ناکام ہوجاتی ہے وہاں قومیں ہمیشہ کے لیے گر جاتی ہیں، آج کا جلسہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ عمران خان کے بغیر پاکستان سیاست ناممکن ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھ کر پاکستان میں کیسے امن اور حکومتیں کیسے مضبوط ہوگی؟انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر صورت آزاد ہوں گے اور ان کی رہائی بہت قریب ہے، بانی پی ٹی آئی عوام اور ملک کی خاطر جیل میں ہیں۔موٹر وے انٹرچینج صوابی کے مقام پر منعقدہونے والے جلسے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے علاوہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجا، اسد قیصر، عمر ایوب اوردیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔


