جج کیخلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کا کیس، ملزم کی عبوری ضمانت میں23نومبرتک توسیع

اسلام آباد(صباح نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے جج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے کیس میں ملزم صدیق انجم کی عبوری ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کر دی۔ پیر کو ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم نے مقدمے میں پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے، پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کے باعث عدالت مقدمے میں ضمانت مسترد کرے۔ وکیل صفائی انصر کیانی نے کہا کہ ایف آئی اے حکام عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں، مقدمے میں حفاظتی ضمانت نہیں لی، صدیق انجم نے پشاور ہائی کورٹ سے دیگر نامعلوم مقدمات میں حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے، عدالت نے نامعلوم مقدمات میں ایف آئی اے کو ملزم کی گرفتاری سے روک رکھا ہے۔عدالت نے ملزم کی عبوری درخواست ضمانت میں 23 نومبرتک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں